ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اقلیتوں کی فلاح کیلئے بامقصد اسکیمیں لانے پر زور،کے ایم ڈی سی میں شفافیت کے ساتھ کام کیا جائے گا: ایم اے غفور

اقلیتوں کی فلاح کیلئے بامقصد اسکیمیں لانے پر زور،کے ایم ڈی سی میں شفافیت کے ساتھ کام کیا جائے گا: ایم اے غفور

Thu, 08 Dec 2016 12:06:33    S.O. News Service

بنگلورو۔7؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاستی اقلیتی ترقیاتی کارپوریشن کی طرف سے ریاست بھر میں حکومت کی فلاحی اسکیموں کے ذریعہ مستحق اقلیتوں کو پوری شفافیت کے ساتھ مالی امداد پہنچانے کی دیانتدارانہ کوشش کی جائے گی۔ حکومت کی طرف سے کے ایم ڈی سی کو جو سالانہ بجٹ ملتا ہے ،اس میں اضافہ کیلئے بھی عنقریب وزیر اعلیٰ سدرامیا سے گذارش کی جائے گی۔ یہ بات آج کے ایم ڈی سی کے نئے چیرمین ایم اے غفور نے بتائی۔ ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عہدہ سنبھالتے ہی انہوں نے کے ایم ڈی سی کے عہدیداروں اور عملے سے تبادلۂ خیال کے دوران اسی بات پر زور دیا ہے کہ پوری شفافیت اور دیانتداری سے اس ادارہ میں کام کیا جائے گا۔ کے ایم ڈی سی کے صدر دفتر اور ضلعی دفاتر میں مستحقین کا کام کروانے کیلئے دلالوں کی موجود گی اور رضاکارانہ تنظیموں اور این جی اوز کے لبادے میں دلالوں کے کام کرنے کی شکایات پر انہوں نے کہاکہ عنقریب وہ کے ایم ڈی سی کے تمام ضلعی دفاتر کا غیر متوقع دورہ کریں گے اور وہاں اگر دلال پائے گئے تو نہ صرف ان دلالوں پر بلکہ ان کی ملی بھگت میں شامل سرکاری افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے امسال کے ایم ڈی سی کو جو بجٹ مختص کیا گیا ہے، اس میں سے اپریل تا نومبر تقریباً 90کروڑ روپیوں کی رقم جاری کی جاچکی ہے، مزید 60 کروڑ روپیوں کی رقم آنی باقی ہے۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا سے گذارش کی جائے گی کہ یہ رقم جلد از جلد جاری کی جائے۔ اس کے علاوہ قومی اقلیتی ترقیاتی ومالیاتی کارپوریشن این ایم ڈی ایف سی کی طرف سے کے ایم ڈی سی کو جو رقم آنی ہے اسے حاصل کرنے کیلئے بھی جدوجہد کی جائے گی۔ مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی سے اس سلسلے میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری آسکر فرنانڈیزنے نمائندگی کی ہے۔ریاستی وزیر جناب روشن بیگ نے بھی نمائندگی کا وعدہ کیا ہے، اسی لئے انہیں توقع ہے کہ جلد ازجلد این ایم ڈی ایف سی سے رقم مل جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ کے ایم ڈی سی کے ذریعہ ریاست کی اقلیتوں کو فائدہ پہنچانے سماجی کارکن اگر دیانتداری سے خدمت انجام دیتے ہیں تو کے ایم ڈی سی ان کا تعاون کرنے تیار ہے، البتہ اقلیتوں کا نام لے کر اس سے غلط فائدہ اٹھانے والوں پر سخت نظر رکھی جائے گی اور آئندہ ایسے لوگوں کو کسی طرح کی سہولت کے ایم ڈی سی سے نہ ملے یہ یقینی بنایا جائے گا۔ ایم اے غفور نے چیرمین شپ دینے پر وزیراعلیٰ سدرامیا، کے پی سی سی صدر پرمیشور اور دیگر قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ سدرامیا ہمیشہ سے سماج کے سب سے کمزور طبقات اقلیتوں ، پسماندہ طبقات اور دلتوں کی ہمہ جہت ترقی کے فکر مند رہے ہیں، ان کی اسی فکر کو بنیاد بناکر ان سے مطالبہ کیا جائے گاکہ آئندہ سال چونکہ انتخابی سال کا بجٹ ہوگا ، اس بجٹ میں اقلیتوں کی فلاح وبہبود کیلئے بامقصد اسکیمیں لاگو کی جائیں، اور ایسی اسکیموں سے گریز کیاجائے جو محض کاغذی ہوں۔ انہوں نے کے ایم ڈی سی کی مختلف اسکیموں کے نفاذ میں مبینہ خامیوں کو دور کرنے کا یقین دلایا۔ اس موقع پر کے ایم ڈی سی کے ڈائرکٹرس اکرم پاشاہ، محمد الیاس، کرناٹکا اسپورٹس اتھارٹی کے چیرمین روشن علی اور دیگر موجود تھے۔اس سے قبل عبدالغفور نے امیر شریعت مفتی محمد اشرف علی باقوی سے دارالعلوم سبیل الرشاد پہنچ کر ملاقات کی اور دعائیں لیں۔ بعد ازاں انہوں نے عیسائی فرقہ کے سربراہ آرچ بشپ برناڈ مراس سے بھی ملاقات کی۔


Share: